بنگلہ دیش میں پہلی مرتبہ مجالس مقامی انتخابات

ڈھاکہ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں شدید تشدد کے دوران ہزاروں افراد نے آج ملک میں پہلی بار منعقدہ مجالس مقامی انتخابات میں رائے دہی کیلئے طویل قطاریں بنائیں جو پارٹی خطوط پر پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے جس میں اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے بھی شمولیت اختیار کی ہے جس نے 2014ء کے عام انتخابات کا مقاطعہ کیا تھا۔ 20 سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے زائد از 12,000 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جن میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی بی این پی بھی شامل ہے۔ 7 ملین رجسٹرڈ اور اہل رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور اس طرح 234 بلدی حلقوں کیلئے کونسلرس اور میئرس کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ انتخابی میدان میں آزاد امیدواروں کی بھی کثیر تعداد ہے۔ بنگلہ دیش کی مرکزی حکومت میں 2019ء کے عام انتخابات تک کوئی تبدیلی متوقع نہیں ہے تاہم سیانسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مجالس مقامی انتخابات وزیراعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ اور خالدہ ضیاء کی بی این پی کی مقبولیت کیلئے ریفرنڈم کے مترادف ہے۔