بنگلہ دیش میں فرقہ پرست رہنماؤں کو امیدوار نہ بنانے کی اپیل

ڈھاکہ۔29 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں اقلیتوں نے سیاسی جماعتوں سے اقلیتوں کے استحصال میں شامل رہنماؤں کو آنے والے عام انتخابات میں امیدوار نہ بنانے کی اپیل کی ہے ۔بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے سہروردی باغ میں ’بنگلہ دیش ہندو بودھ ، عیسائی اوایکیا پریشد ( کونسل)‘ کی طرف سے منعقدہ ایک ریلی کے دوران یہ اپیل کی گئی ۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوئے ۔ اقلتیی گروپ کے جنرل سیکرٹری رانا داس گپتا نے مطالبہ نامہ کے پانچ نکات کو پڑھتے ہوئے کہا ’’ورنہ اقلیت ووٹنگ سے دور رہیں گے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی آبادی اس سیاسی جماعت یا اتحاد کی اپنی مکمل حمایت کرے گی، جو ان کے مفادات اور حقوق کی حفاظت کے لئے واضح طور پر پابند عہد ہوگا۔ان کے تین دیگر مطالبات میں پارلیمنٹ میں اقلیتوں کی تناسب کے لحاظ سے نمائندگی یقینی بنانا، انتخاب سے قبل اقلیتوں اور مذہبی اداروں کا تحفظ اور اقلیتوں کے لئے قانون کی سختی سے نافذ کرنا شامل ہیں۔