بنگلہ دیش میں تین بلاگرز پر حملہ

ڈھاکہ ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں تین سکیولر بلاگرز بشمول مہلوک بلاگر ابھیجیت رائے کے پبلیشر کو حملے کانشانہ بنایا گیا ۔ بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم مسلح افراد نے دو سیکولر بلاگرز کے علاوہ ایک اشاعتی مرکز کے مالک پر حملے کئے ہیں۔ ان حملوں میں یہ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حملہ آوروں نے دارالحکومت ڈھاکہ میں واقع ایک اشاعتی ادارے کے مالک احمد رشید ٹْلٹْل پر حملہ کر کے اُنہیں گہرے زخم پہنچائے۔ زخمی ہونے والے بلاگرز کے نام طارق رحیم اور رانا دیپم باسُو ہیں۔ یہ تینوں افراد اِس وقت ڈھاکہ میڈیکل کالج کے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے سروں پر چاقو کے زخم ہیں۔ ان حملوں کے دوران نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی تھی۔ پولیس نے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔

فلپائن میں آتشزدگی، ایک درجن سے زائد افراد ہلاک
منیلا ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی فلپائن میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔ یہ آگ دارالحکومت منیلا سے جنوب میں واقع شہر زامبوآنگا میں لگی۔ کئی امدادی ٹیموں نے تین گھنٹے کی کوشش کے بعداس آگ پر قابو پایا۔ یہ آگ لگنے کے بعد ایک کھلی مارکیٹ میں کھڑے ٹھیلوں تک پھیلتی ہی چلی گئی۔آگ لگنے کی وجہ غالباً بجلی کے ایک کھمبے کا کمزور کنکشن تھا۔ مرنے والوں میں سے بیشتر سوئے ہوئے تھے، جب ان کے ٹھیلوں نے آگ پکڑ لی۔