بنگلہ دیش میں بلاگر کے قتل میں ملوث مزید دو کو سزائے موت

ڈھاکہ ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بنگلہ دیش کی عدالت نے سیکولر بلاگر احمد رجب حیدر کو تین سال قبل اس کے مکان کے قریب قتل کرنے کی پاداش میں دو طلباء کو سزائے موت اور چھ افراد بشمول ممنوعہ تنظیم انصار اللہ بنگلہ ٹیم سربراہ کو مختلف میعادوں کی سزائے قید سنائی گئی ہے ۔ اسپیشل ٹرائل ٹریبونل 3 جج سعید احمد نے سات مجرمین کی موجودگی میں اپنا فیصلہ سنایا جب کہ سزائے موت پانے والا ایک ملزم مفرور ہے ۔ جس کا نام رضوان آزاد رانا بتایا گیا ہے جب کہ وہاں موجود سزائے موت پانے والے طالب علم کا نام محمد فیصل بن نعیم بتایا گیا ہے ۔ ان پر فی کس 10,000 ٹکا ( بنگلہ دیشی کرنسی ) جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ مختلف میعادوں کی سزاء پانے والے دیگر ملزمین اس طرح ہیں ۔ مقصود الحسن کو سزائے عمر قید اور 10,000 ٹکا ، جرمانہ ۔ محمد احسان رضا ، نعیم سکدر اور نفیس امتیاز کو دس سال کی سزائے قید اور فی کس 5000 ٹکا جرمانہ ۔ سلمان یاسر محمود کو تین سال کی سزائے قید اور 2000 ٹکا جرمانہ کی سزاء سنائی گئی ہے ۔۔