بنگلہ دیش میں اپوزیشن اتحاد کی دو روزہ ملک گیر ہڑتال

ڈھاکہ ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے مرکزی اپوزیشن اتحاد نے آج سے دو روزہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں چند ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے اپوزیشن رہنما کی بہ حفاظت واپسی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے کہا ہے کہ اس کے جوائنٹ سیکریٹری جنرل صلاح الدین احمد کے لاپتہ ہونے کے خلاف وہ ملک بھر میں مظاہرے کرے گی۔ لاپتہ سیاستدان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ خفیہ پولیس کے کارڈز دکھا کر سادہ لباس والے لوگ صلاح الدین احمد کو 10 مارچ کو گھر سے لے گئے۔ لیکن پولیس نے صلاح الدین احمد کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔28 اپریل کے بلدیاتی انتخابات کے باعث دارالحکومت ڈھاکہ اور جنوب مشرقی بندرگاہی شہر چٹاگانگ میں ہڑتال نہیں کی جائے گی۔