بنگلہ دیشی نژاد کناڈا کا شہری ڈھاکہ حملہ کا سرغنہ

حملے کے مہلوک عسکریت پسندوں کی نعشوں کا ہنوز وارث نہ ملا
ڈھاکہ ، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک بنگلہ دیشی نژاد کناڈا کے شہری کی آج بنگلہ دیش میں پیش آئے بدترین نوعیت کے دہشت گردانہ حملے کا سرغنہ قرار دیا گیا جبکہ ڈھاکہ کے ہائی سکیورٹی سفارتی زون میں واقع کیفے پر حملے میں زیادہ تر بیرونی شہریوں کے بشمول 22 افراد ہلاک ہوئے تھے ، پولیس نے ایک عسکری ٹھکانہ پر دھاوے کے بعد محصلہ معلومات کے پیش نظر یہ بات کہی۔ تحقیقات سے واقف کار ایک پولیس عہدہ دار نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ تمیم چودھری کو حالیہ حملے کا سرغنہ مانا جارہا ہے۔ اس کو پکڑنے کیلئے سرگرمی سے تلاش شروع کردی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے وہ تین سال قبل کناڈا سے وطن واپسی کے بعد سے بنگلہ دیش میں ہی مقیم ہے۔ دریں اثناء ڈھاکہ حملے میں ہلاک پانچ عسکریت پسندوں کی نعشوں کو لینے کیلئے متعلقہ  ارکان خاندان ہنوز آگے نہیں ہیں ۔ گلشن پولیس اسٹیشن کے آفیسر اِنچارج سراج الاسلام نے کہا کہ کسی نے بھی یہ نعشوں کے وارث کے طور پر تحریری درخواست پیش نہیں کی ہے۔