بنگلہ دیشی برطانوی خاندان دولت اسلامیہ میں شامل

لندن۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک بنگلہ دیشی برطانوی خاندان جو 4 ارکان پر مشتمل ہے، مبینہ طور پر شام کی دولت اسلامیہ عسکریت پسند تنظیم میں شامل ہوگیا ہے تاکہ حکومت شام کے خلاف جنگ کرسکے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ اس اطلاع کے بارے میں تحقیقات کررہا ہے۔ مبینہ جہادیوں میں دو بھائی جن کی عمریں علی الترتیب 17 اور 20 سال ہیں اور ان کے دو چچیرے بھائی جن کی عمریں 19 اور 22 سال ہیں اور جو ویسٹ مڈلینڈس کے علاقہ میں سکونت اختیار کئے ہوئے تھے، دولت اسلامیہ میں شامل ہوگئے ہیں۔ روزنامہ ’سنڈے ٹائمس‘ کے بموجب یہ چاروں بنگلہ دیشی نژاد برطانوی شہری ہیں۔ چاروں رشتہ دار سمجھا جاتا ہے کہ لندن سے بذریعہ طیارہ استنبول پہنچے تھے اور وہاں سے سرحد پار کرکے شام میں داخل ہوگئے۔ یہ واقعہ گزشتہ ستمبر میں پیش آیا تھا جب کہ مغربی ممالک نے دولت اسلامیہ کے مورچوں پر بمباری شروع کی تھی۔