بنگلور میں عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام طاہرالقادری کا خطاب

بیدر ۔ یکم ؍ جنوری (فیکس) مولانا فیض اللہ بیگ جنیدی معتمد کل ہند عالمی تحریک منہاج القرآن بنگلور نے یہاں جامعتہ الزہرا خانقاہ صوفیہ الملتانیہ قادریہ پورہ بیدر میں تحریک کے مقامی عہدیداروں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ولادت باسعادت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر 11 اور 12 ربیع الاول کو پیالیس گراونڈ بنگلور میں ’’عالمی میلاد کانفرنس‘‘ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ کانفرنس کو شیخ الاسلام پروفیسر علامہ طاہرالقادری مخاطب کریں گے۔ مولانا طاہرالقادری کے ہمراہ ان کے فرزند جو جامعہ ازہر سے فارغ التحصیل ہیں، کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی ابتدائی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اس عالمی میلاد کانفرنس میں ملک کی مختلف ریاستوں کے علاوہ دنیا بھر سے 95 ممالک سے عاشقان رسول ؐ و علامہ طاہرالقادری کے چاہنے والوں کی آمد متوقع ہے۔ خصوصی طور پر خواتین کیلئے 11 اور 12 ربیع الاول کو غزالہ باجی کا خصوصی خطاب ہوگا۔

بچکنڈہ میں کانگریس کا احتجاج
بچکنڈہ۔یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بچکنڈہ کے نیو بس اسٹانڈ کے روبرو کانگریس قائدین نے آج چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کا پتلا نذرِ آتش کیا اور انہوں نے وزیر سیول سپلائیز سریدھر بابو سے اُمور مقننہ کا قلمدان چھین لینے کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا اور چیف منسٹر کے اس اقدام کو تلنگانہ مخالف قرار دیا۔ اس موقع پر پارٹی قائدین شیخ خلیل اور عبدالمقیت، منڈل کانگریس صدر اسعد علی موجود تھے