بنگلور اور ممبئی آج پہلی کامیابی کیلئے کوشاں،بمراہ کی فٹنس پرتوجہ

بنگلورو۔27مارچ (سیاست ڈاٹ کام)آئی پی ایل کے بارہویں ایڈیشن کا آغاز شکست کے ساتھ کرنے کے بعد ویراٹ کوہلی کی قیادت والی رائل چلینجرس بنگلور جمعرات کو گھریلو میدان چنا سوامی اسٹیڈیم پر پچھلا میچ ہار چکی ممبئی انڈینس کے خلاف پہلی فتح کی امید کے ساتھ اترے گی۔آئی پی ایل کے 12 برسو ں میں بنگلور وکی ٹیم کو اپنے پہلے خطاب کی ہی تلاش ہے اور گزشتہ ایڈیشن کی طرح اس مرتبہ بھی اس میں جوش کی کمی دکھائی دے رہی ہے ۔ بہترین ٹیم مینجمنٹ اور کوہلی جیسے اسٹار کھلاڑی کی موجودگی کے باوجود اسے چینائی کے خلاف پہلے میچ میں سات وکٹ سے مایوس کن شکست حاصل ہوئی تھی۔ جس میں پوری ٹیم 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ سابق شکست کی وجہ سے ان کی خوداعتمادی متزلزل ضرور ہوئی ہے لیکن اس کے پاس ممبئی کو گھریلو میدان میں شکست دے کر واپسی کا موقع رہے گا۔ جسے اپنے گھریلو میدان پر بھی دہلی کیپٹلس سے37 رنز کی شکست جھیلنی پڑی تھی۔ حالانکہ دونوں ٹیموں میں برابرکے ٹکر کی امید کی جاسکتی ہے ۔ ممبئی تین مرتبہ کی چمپئن ہے اور اسے اسٹارکھلاڑی لست ملنگا کی واپسی سے مضبوطی ملی ہے ۔ جن کے کھیلنے پر پہلے قیاس آرائیاں ہورہی تھیں۔ملنگا پورے ٹورنمنٹ کے لئے دستیاب ہیں اور اچھی بات یہ کہ ورلڈ کپ کے لئے بھی ان کے انتخاب میں مسئلہ نہیں ہے ۔ ملنگا پر بھی اچھی کارکردگی سے خود کو ثابت کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ممبئی کے پاس جسپریت بمراہ ،

مشیل میک لینگن اور بین کٹنگ جیسے بہترین بولرس ہیں جو ویراٹ کی ٹیم کے بیٹسمینوںکو رنز بنانے سے روک سکتے ہیں۔ بنگلورو کے پاس اچھی بیٹنگ ہے لیکن پچھلے میچ میں اس کے بیٹسمینوں نے سب سے زیادہ مایوس کیا تھا اور اس مرتبہ جیت کے لئے آل راونڈر کھیل دکھانا ہوگا۔ بنگلورو کے کپتان اور اسٹار بیٹسمین ویراٹ کے علاوہ پارتھیو پٹیل، معین علی ، اے بی ڈی ویلیرز،کالن ڈی گرانڈ ہوم کی شکل میں ٹیم کے پاس اچھے اسکورر ہے جب کہ بولنگ میں اسپنر یوجویندر چہل‘ معین اور ہریانہ کے نودیپ سینی ہونہارکھلاڑی ہیں۔ چینائی کے خلاف کم اسکور والے میچ میں بھی ان بولروں نے بنگلورو کے لئے جدوجہد کی تھی اور چینائی کو اٹھارہویں اوورمیں جاکر کامیابی مل سکی تھی۔ چہل کی کارکردگی کافی شاندار تھی جنہوں نے چار اوور میں صرف چھ رن دئے تھے ۔دوسری طرف ممبئی کو تین مرتبہ چمپئن بنانے والے کپتان روہت،آل راونڈر اور پچھلے میچ کے نصف سنچری لگانے والے یوراج سنگھ ’ کوئنٹن ڈی کاک’ کیرین پولارڈ، ہاردک پانڈیا کی شکل میں اچھے اسکورر ہیں۔ ممبئی کو بھی جیت کے لئے آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جس کے بولروں نے دہلی کے خلاف کافی رنز دئے تھے ۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی اور فاسٹ بولر بمراہ بھی مہنگے ثابت ہوئے تھے او ررشبھ پنت نے ان کی گیندوں کی کافی دھلائی کی تھی۔ ورلڈ کپ ٹیم کے لئے دعویدار بمراہ واپسی کرنے او رذاتی کارکردگی میں سدھار کی کوشش کریں گے ۔ بمراہ کی فٹنس پر بھی سوال ہے ۔ جنہیں پچھلے میچ میں کندھے میں چوٹ لگی تھی ۔دیکھنا ہوگا کہ وہ کتنے فٹ ہیں ۔

دہلی کے خلاف چینائی کامیاب
نئی دہلی ۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) چینائی سوپر کنگس نے ایک مرتبہ پھر کھیل کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 12ویں سیزن میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔ دھونی کی ٹیم نے دہلی کیپیٹلس کو6 وکٹ سے شکست دی۔ چینائی کے لئے واٹسن نے 26 گیندوں میں 44، رینا نے 16 گیندوں میں 30 رنوں کی اننگز کھیلی۔ دھونی نے 32 رن بنائے اور جادھو نے 27 رن کی اننگز کھیلی۔ اپنے گھریلو میدان فیروز شاہ کوٹلہ میں دہلی کی ٹیم چینائی کو دو مرتبہ ہرا چکی ہے، وہیں چینائی نے 5 مرتبہ دہلی کو اسی کے گھر میں شکست دی ہے۔