بنگلورو میں مفرور کیاش ویان ڈرائیور گرفتار مسروقہ رقم غائب ، پولیس کا انکشاف

بنگلورو ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایک لاجسٹکس ایجنسی کے ویان ڈرائیور جو کہ بینکوں سے وصول کئے گئے  1.37 کروڑ روپئے لے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے آج پکڑ لیا ۔ ایک دن قبل ڈرائیور کی بیوی کو گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ڈرائیور دومنک رائے جس نے کیاش ویان کے ساتھ راہ فراری اختیار کی تھی ۔ اپرپیٹ پولیس نے آج صبح علاقہ آر کے پورم میں ایک ٹن فیکٹری قریب حراست میں لے لیا ۔ تاہم اس کی تحویل سے رقم برآمد نہیں ہوسکی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ مسٹر انوچھیت نے یہ انکشاف کیا اور بتایا کہ ملزم کی بیوی ایولن رائے کو کل گرفتار کر کے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ جس کی بنا پولیس کویہ کامیابی ملی ہے ۔ رقم کے بارے میں دریافت کرنے پر انوچھیت نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے اور شبہ ہے کہ ملزم نے اپنے قرضوں کی ادائیگی کے لیے یہ رقم استعمال کی ہوگی ۔ واضح رہے کہ 23 نومبر کو دن دھاڑے دومنک رائے نے جس کی خدمات آوٹ سورسنگ ایجنسی لوگی کیاش نے کرایہ پر حاصل کی تھی ۔ رقم سے بھری ہوئی ویان لے کر اس وقت فرار ہوگیا تھا جب دیگر 2 ملازمین ، قلب شہر میں واقع ایک بینک سے رقم وصول کرنے کے لیے گئے ہوئے تھے ۔ اس واقعہ کے دوسرے دن علاقہ وسنت نگر میں مذکورہ ویان پائی گئی ۔ پولیس نے 1.37 کروڑ میں سے صرف 45 لاکھ روپئے دستیاب ہوئے تھے ۔۔