بلیک منی رکھنے پر 10 سال قید کیلئے قانون سازی

نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کالا دھن کا پتہ چلانے میں ناکامی پر تنقیدوں کے پیش نظر حکومت نے آج ایک جامع قانون کی تجویز پیش کی ہے تاکہ بیرونی ممالک میں اثاثہ جات پوشیدہ رکھنے کی پاداش میں 10 سال کی سزائے قید دیتے ہوئے اس مسئلہ سے نمٹا جاسکے۔ مرکزی بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج یہ انکشاف کیا اور بتایا کہ بلیک مَنی کے خلاف سخت گیر اقدامات بشمول رئیل اسٹیٹ شعبہ میں رقمی معاملتوں اور دیگر کاروبار میں ترغیبات نے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ جدید قانون کی تدوین کے ساتھ حکومت کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈس کے استعمال پر ترغیبات اور رقمی معاملتوں پر تحدیدات عائد کرے گی اور ایک لاکھ سے زائد کے خرید و فروخت کی معاملتوں میں PAN حوالہ لازمی قرار دیا جائے گا۔

مرکز میں برسر اقتدار آنے کے بعد اپنا مکمل پہلا بجٹ پیش کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہاکہ ان کی اوّلین ترجیحات میں ٹیکس تجاویز ہیں اور بلیک مَنی کے مسئلہ سے مؤثر طریقہ سے نمٹنے کیلئے ایک نئے قانون کا نفاذ ہے جوکہ ہماری معیشت اور سماج کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں جس کے خاتمہ کے لئے پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں ایک بِل پیش کرنے کی تجویز ہے۔ اس قانون کے تحت آمدنی اور اثاثہ جات کو پوشیدہ رکھنے اور بیرونی اثاثوں سے متعلق ٹیکس چوری قابل گرفت جرم کے ساتھ 10 سالہ سزائے قید بامشقت ہوگی اور محض جرمانہ ادا کردینے سے جرم قابل معافی نہیں ہوگا اور قصورواروں کو سیٹلمنٹ کمیشن سے رجوع ہونے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اُنھوں نے مزید کہاکہ اندرون ملک کالا دھن کی روک تھام کے لئے ایک نیا مزید جامع بینامی معاملت (تحدیدات) بل جاریہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کی رو سے بے نامی جائیدادوں کی قرقی اور قانونی چارہ جوئی کا اختیار حاصل ہوگا تاکہ بے نامی جائیدادوں بالخصوص رئیل اسٹیٹ کی شکل میں بلیک منی جمع کرنے اور فروغ دینے کی روک تھام کی جاسکے۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے غیر منقولہ جائیدادوں کی 20 ہزار یا اس سے زائد رقم کی شکل میں پیشگی ادائیگی یا قبولیت پر امتناع کیلئے انکم ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کی تجویز پیش کی۔ جبکہ ایک لاکھ سے زائد روپئے مالیتی املاک کی خرید و فروخت کیلئے پان (PAN) کا حوالہ لازمی ہوگا اور بیرونی کرنسی کی فروخت اور بین سرحدی معاملتوں کیلئے تھرڈ پارٹی (تیسرے فریق) کو مطلوبہ اطلاعات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
یوم قومی سائنس کے موقع پر وزیراعظم کا پیام
نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) قومی یوم سائنس کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے آج سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اس شعبہ میں تحقیقات اور ایجادات کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ قومی یوم سائنس ہمیں، سائنسدانوں کی گرانقدر خدمات اور جذبہ وقف کو یاد دہانی کرواتا ہے اور سائنس کے شعبہ میں سرسی وی رمن کی طویل خدمات کو ہم سلام کرتے ہیں۔