بلڈرس کے خلاف شکایت کی 90یوم میں تحقیقات

ممبئی پولیس کمشنر کو ہائی کورٹ کی ہدایت
ممبئی۔/29نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بامبئے ہائی کورٹ نے آج ممبئی پولیس کمشنر کو ہدیت دی ہے کہ ایک ایسا طریقہ کار ( میکانزم ) وضع کریں کہ جرائم بالخصوص بلڈرس اور ڈیولپرس کے خلاف شکایات کی تحقیقات اندرون 90 یوم مکمل کرلی جائے۔ جسٹس وی ایم کناڈے کی زیر قیادت ہائی کورٹ ڈیویژن بنچ نے پولیس کمشنر کو یہ بھی ہدایت دی کہ مقررہ 90 یوم میں چارج شیٹ داخل کرنے میں ناکامی کی صورت میں تحقیقاتی عہدیدار سے وضاحت طلب کی جائے۔ ججوں نے یہ بھی رائے ظاہر کی کہ تحقیقاتی عہدیدار کی وضاحت میں طمانیت بخش جواز نہ ہو تو کانفیڈنشل کارروائی میں سخت ریمارکس کئے جائیں۔ ہائی کورٹ نے شہر کے ایک ڈیولپر اور دیگر مدعی علیہان کی ایک عرضی پر سمات کی جنہوں نے ایک عمارت کے مکینوں کی شکایت کو کالعدم قرار دینے کی گذارش کی تھی جبکہ اس ڈیولپر نے عمارت کی از سر نو تعمیر کے بعد فلیٹس دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے دوسرے شخص کو فروخت کردیا۔عدالت نے بتایا کہ موجودہ کیس میں تحقیقاتی عہدیدار نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ دستی تحریر کے ماہرین کی رائے مقررہ وقت میں حاصل نہیں کی جاسکی جس کے باعث چار ج شیٹ پیش نہیں کی گئی۔ بنچ نے کہا کہ یہ وضاحت طمانیت بخش نہیں ہے لہذا اس معاملہ کی تفصیلی جانچ کیلئے پولیس کمشنرکو ہدایت جاری کی جائے تاہم اس خصوص میں کوئی حکم جاری کرنے سے گریز کیا جارہا ہے۔ بصورت دیگر شکایت کنندہ اور اس کے شوہر کو مزید ہراسانی کا شکار بنایا جاسکتا ہے اور تحقیقات دوبارہ شروع کرنے پر انہیں دربدر پھرنا پڑ سکتا ہے۔