بلٹ ٹرین کا حشر بھی نوٹ بندی جیسا ہوگا : چدمبرم

نئی دہلی ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کانگریس کے سینئیر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پسندیدہ بلٹ ٹرین پراجکٹ کی مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ بھی نوٹ بندی جیسا اقدام ہے جو ہلاکت خیز ہوگا اور سب کچھ ختم کردے گا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس پراجکٹ کے بجائے اس کی رقم ریلوں کے تحفظ کے لیے استعمال کی جائے ۔ ممبئی کے الفنسٹون ریلوے بریج پر گذشتہ روز کی بھگدڑ میں 23 افراد ہلاک ہونے کے دوسرے دن سابق وزیر فینانس نے یہ تبصرہ کیا ہے ۔ چدمبرم نے الزام عائد کیا کہ ممبئی اور احمد آباد کو مربوط کرنے والا بلٹ ٹرین پراجکٹ عام آدمی کے لیے نہیں ہے بلکہ اہل ثروت و استطاعت کے لیے تسکین نفس کی سیر ہے ۔ چدمبرم نے تجویز پیش کی کہ وزیر ریلوے پیوش گوئیل بجائے اس کے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی رقم ملک میں ریلوے کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنانے پر خرچ کریں ۔ چدمبرم نے کہا کہ ’ بلٹ ٹرین بھی نوٹ بندی کی طرح ہوگی جو ہر چیز کو ہلاک / ختم کردے گی ‘ ۔۔