بلوچستان کے لاپتہ افراد کے لیے سینٹ کی کمیٹی سے رجوع کا فیصلہ

پشاور ۔ /5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سینٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک جامع رپورٹ سینٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کو فراہم کی جائے گی اور اس کے ساتھ وفاقی اور بلوچستان حکومتوں کے ساتھ بھی اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا۔نصراللہ بلوچ نے بتایا کہ اگر ماضی کی طرح اس معاملے کو سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو دوسرے مرحلے میں سیاسی جماعتوں اور حقوق انسانی کی تنظیموں کے ساتھ رابطہ پیدا کیا جائے گا۔اگر ان اقدامات کے بعد بھی لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پیش رفت نہیں ہوئی تو تیسرے مرحلے میں مکمل دستاویزات کے ساتھ بین الاقوامی برادری سے رابطہ کرنے کے بعد اقوام متحدہ سے دوبارہ ان معاملات کا جائزہ لینے کے لیے درخواست کی جائے گی۔ بین الاقوامی عدالت انصاف سے بھی رجوع کیا جائے گا۔بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ 2002 میں شروع ہوا تھا۔