بلوچستان میں راکٹ حملہ 6 فوجی ہلاک

کراچی۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گڑبڑ زدہ بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے کئے گئے راکٹ حملوں میں 6 پاکستانی فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 2 شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ متعلقہ افسران نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کو ایک کوہستانی علاقہ میں پیش آیا جو اور ان ڈسٹرکٹ سے 30 کیلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ حملے کے وقت بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ارکان اس علاقہ کی صفائی کررہے تھے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا کوئی خفیہ زمینی سرنگ بچھائی گئی ہے یا نہیں۔ عسکریت پسندوں نے اس ٹیم کو ہلاک کرنے کیلئے راکٹ داغے جس میں 6 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور دو تشویشناک حد تک زخمی ہوئے جو ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں۔ بلوچستان میں عسکریت پسند حالیہ عرصہ میں سکیورٹی فورسیس اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنارہے ہیں۔