بلوچستان: بم حملے میں تین سکیورٹی ملازمین ہلاک

کراچی ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں جمعہ کو ایک بم حملے میں تین سکیورٹی ملازمین ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق فرنٹیر کور کا قافلہ وڈھ نامی علاقے سے بیلا کی طرف جا رہا تھا کہ جھاؤ کے علاقے میں دیسی ساختہ بم سے اسے نشانہ بنایا گیا۔ نامعلوم شدت پسندوں کی طرف سے سڑک میں نصب دیسی ساختہ بم میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کیا گیا جس سے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس سے قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر ہلاکت خیز حملے ہوتے رہے ہیں جن میں سے اکثر کی ذمہ داری ممنوعہ بلوچ عسکری تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔ گزشتہ ستمبر میں کے شدید زلزلے سے ضلع آواران سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور اس دوران یہاں امدادی سرگرمیوں میں مصروف سکیورٹی فورسز پر بھی حملے ہوئے تھے۔