بلدیہ ظہیرآباد کے اجلاس میں گرما گرم مباحث

ظہیرآباد /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر نشین بلدیہ ظہیرآباد شریمتی چنوری لاوینا کی زیر صدارت یہاں میونسپل کونسل میٹنگ ہال میں منعقدہ ماہانہ اجلاس میں تین گھنٹوں تک مسلسل گرما گرم مباحث کے بعد ایجنڈے میں شامل بیشتر نکات کو منظوری دی گئی، جب کہ موسم گرما کے اختتامی مراحل میں ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی اور ارکان بلدیہ و شعبہ صفائی کے عملہ کے ساتھ معلومات دورہ سے متعلق نکات کو نامنظور کردیا گیا۔ مقررہ وقت سے نصف گھنٹہ تاخیر سے شروع ہونے والے اجلاس میں بلدیہ ظہیرآباد کے 24 بلدی حلقوں میں پینے کے پانی کی ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کا مسئلہ منظوری کے لئے پیش ہوا تو اجلاس میں شریک بیشتر ارکان نے اس پر سخت اعتراض کیا اور استدلال پیش کیا کہ موسم گرما کے اختتامی مراحل میں ایسی کوئی صورت حال پیدا ہی نہیں ہوئی ہے کہ ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی آب کی نوبت آئے۔ ارکان کی اکثریت نے بلدیہ ظہیرآباد کو صاف ستھرا بنانے کے پروگرام کی کامیاب عمل آوری کے لئے کوڑا کرکٹ سے پاک بلدیات سالورہ، بوتیلی، تنالی اور وشاکھا جیسی بلدیات کا مشاہداتی دورہ کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے منظوری دینے سے عدم اتفاق کیا۔ بلدیہ ظہیرآباد کے لئے آؤٹ سورسنگ عملہ کی فراہمی سے متعلق داخل کردہ 6 ٹنڈرس کو دوبارہ طلب کرنے کے لئے اجلاس میں قرارداد منظور کرنے کے علاوہ 132 نفوس، 3 ٹریکٹرس اور 4 ٹرالیز پر مشتمل عملہ صفائی میں 89 یوم کے لئے مزید 40 مزدوروں اور 4 ٹریکٹرس کی کنٹراکٹ اساس پر خدمات حاصل کرنے کے لئے 17.02,560 روپئے منظور کئے گئے۔ اجلاس میں محصول جائداد کی وصولی پر ہینڈ سٹ بایو میٹرک مشین کے ذریعہ رسائد کی اجرائی کے لئے 6 عدد مشین خریدنے کے علاوہ بلدی حلقہ 11 میں واقع قدیم باؤلی کو مسطح کرنے کے لئے 75 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ اجلاس میں ٹیکس بقایہ جات کی ادائیگی کے ضمن میں 23 یوم تک کی گئی تشہیری اخراجات کی ادائیگی کے لئے 37,950 روپئے کی رقمی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں مجلس بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر ہونے والے مکانات، اصول و ضوابط پر عمل نہ کرنے والے مکانات اور قانونی و غیر قانونی نل کنکشن سے مربوط مکانات کی نشاندہی کے لئے بلدی حدود میں واقع تمام مکانات کی ازسرنو معقولیت پر مبنی نمبراندازی کو بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ایجنڈا میں عدم شامل مسائل کانگریس ارکان کی جانب سے زیر بحث لانے کی کوششوں پر کرسی صدارت نے اپنی ناراضگی ظاہر کی اور شریک اجلاس ارکان سے صرف ایجنڈا پر بحث کرنے کی اپیل کی۔ اجلاس میں کانگریس ارکان محمد جہانگیر، طاہرہ بیگم، نارائن ریڈی، ٹی آر ایس ارکان ناما روی کرن، موتی رام، راملو سنیتا، ٹی ڈی پی ارکان محمد یونس، محمد عبد اللہ اور معاون رکن محمد لقمان نے مباحث میں حصہ لیا۔ اجلاس میں مذکورہ ارکان کے علاوہ نائب صدر نشین محمد عظمت پاشاہ، کے سجاتا، پشپا لتا، سی ایچ لکشمی، انا پورنا، راج شیکھر، کے پرینکا، عظیم النساء بیگم، معراج بیگم، پنمیاں، رنگماں، شبانہ بیگم، زلیخا بی، نریش کمار ارکان بلدیہ، ایم سدھاکر میونسپل کمشنر، وینکمیشورلو میونسپل انجینئر، وینکٹ سوامی شی ٹیشن انسپکٹر اور دیگر عملہ نے شرکت کی۔