بلدیہ تانڈور کے اجلاس کا انعقاد بیشتر مسائل پر ارکان کے گرما گرم مباحث

تانڈور 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ تانڈور کا اجلاس کل کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ محترمہ وجئے لکشمی چیرمین نے صدارت کی۔ حیدرآباد روڈ پر جدید پارک کی تعمیر کے کاموں کو روک دیئے جانے پر بلدی ارکان نے سخت اعتراض کیا۔ محمد آصف مجلسی فلور لیڈر نے گرین سٹی میں پارک کے لئے مختص کردہ اراضی پر پارک کی تعمیر شروع کرنے پر زور دیا۔ دفتر بلدیہ کی جدید عمارت کی تعمیر کے لئے لاری پارکنگ کی جگہ حاصل کی گئی ہے۔ ارکان نے مجوزہ بلدی عمارت کی تعمیر شروع کرنے سے قبل لاری پارکنگ کو وہاں سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔ حیدرآباد روڈ پر قبل ازیں وزیر ٹرانسپورٹ نے 10 ایکر اراضی لاری پارکنگ کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ارکان نے دوسرے مسائل پر گرما گرم بحث کی۔ 24 نکاتی ایجنڈہ کو اجلاس نے منظوری دے دی۔ محترمہ وجئے لکشمی چیرمین بلدیہ کے عہدہ کی میعاد ڈھائی سال کی تکمیل پر 3 جنوری کو ہورہی ہے۔ محترمہ وجئے لکشمی کی صدارت میں کل آخری اجلاس منعقد ہوا۔ ٹی آر ایس اور مجلس کے درمیان معاہدہ کے مطابق باقی ڈھائی سال کی صدارت کے لئے مجلس کا امیدوار منتخب ہوگا۔ کرسی صدارت خاتون عہدیدار کے لئے محفوظ ہے۔ قیاس کیا جاتا ہے کہ مجلس کی رکن بلدیہ محترمہ محمدی بیگم ایڈوکیٹ صدرنشین بلدیہ کے عہدہ کا جائزہ لیں گی۔