بغیر کسی لالچ کے بی جے پی میں شمولیت : جیہ پردا

عام کارکن کی طرح کوئی بھی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ، سابق فلم اسٹار و سماج وادی پارٹی قائد کا ادعا
حیدرآباد۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق فلم اسٹار اور سماج وادی پارٹی کی قائد جیہ پردا نے کہا کہ وہ ایک عام کارکن کی طرح بی جے پی میں شامل ہوں گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیہ پردا نے کہا کہ انہیں کسی عہدہ کی خواہش نہیں ہے اور عہدہ کی لالچ میں وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں ایک عام کارکن کی طرح کام کریں گی اور پارٹی کی جانب سے جو بھی ذمہ داری دی جائے گی ، اسے نبھائیں گی۔ جیہ پردا نے ان اطلاعات کو محض قیاس آرائیاں قرار دیا کہ وہ نئی دہلی میں عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال کے خلاف مقابلہ کرنا چاہتی تھیں۔ جیہ پردا کے مطابق میڈیا نے اس طرح کی خبریں اڑائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحت مند اور صاف و شفاف سیاست کرنا چاہتی ہے اور نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی میں کام کریں گی۔ جیہ پردا نے بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے علاوہ دیگر سینئر قائدین سے ملاقات کی۔ توقع ہے کہ پارٹی انہیں دہلی اسمبلی انتخابات کی مہم میں شامل کرے گی۔