بعض آئی اے ایس ، آئی پی ایس افسران کے تبادلوں کا فیصلہ

حکومت تلنگانہ کا الیکشن کمیشن کو مکتوب ، اجازت کی درخواست

حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بعض آئی پی ایس اور آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں حکومت نے مرکزی الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں ترقی پانے والے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کرنے کی اجازت دی جائے۔ ریاست میں ڈیوٹی انجام دے رہے تین عہدیدار اور سنٹرل سرویس میں برسر خدمت عہدیداروں کے تبادلے کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ گزشتہ ہفتے حکومت نے 26 آئی اے ایس اور 23 آئی پی ایس عہدیداروں کو ترقی دیتے ہوئے جی او جاری کرتے ہوئے کئی عہدیداروں کو اُن کے موجودہ عہدے پر ہی برقرار رکھا ہے۔ حکومت نے اپنے مکتوب میں الیکشن کمیشن سے یہ درخواست کی ہے کہ الیکشن ڈیوٹی سے غیر وابستہ عہدیداروں کے فوری تبادلے کرنے کی اجازت دی جائے۔ باور کیا جاتا ہے کہ کئی اہم عہدوں بشمول بعض پولیس کمشنران کے تبادلے بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور کسی بھی حکومت کو عہدیداروں کے تبادلے کرنے کے لئے مرکزی الیکشن کمیشن سے اجازت لینا لازمی ہے۔