بس ۔ ٹینکر تصادم، 27 افراد ہلاک

کراچی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثہ میں 27 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک آئیل ٹینکر ایک مسافر بس سے ٹکرا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ میں زائد از ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ پیر کے روز لسبیلا ڈسٹرکٹ میں رونما ہوا۔ مسافرین کراچی سے پنچگور جارہے تھے جس میں 40 مسافرین سوار تھے تاہم سامنے سے آنے والے ایک آئیل ٹینکر نے مسافر بس کو ٹکر دیدی جس کے بعد وہاں آگ لگ گئی کیونکہ ٹینکر میں ایرانی ڈیزل بھرا ہوا تھا۔ بس میں سے مسافروں نے اپنی جان بچانے کیلئے چھلانگ لگادی لیکن بدقسمتی سے وہ تمام بس اور ٹینکر کے نیچے ہی پھنس گئے کیونکہ آگ نے بس اور ٹینکر دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ متعلقہ عہدیداروں نے جائے حادثہ سے 27 نعشیں برآمد کرنے کی توثیق کی ہے۔