بس مہلوکین کے ورثا کو ایکس گریشیا

بس مہلوکین کے ورثا کو ایکس گریشیا
فی مہلوک کے خاندان کو ایک لاکھ روپئے ، چیف منسٹر کی منظوری

حیدرآباد۔ 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے ضلع محبوب نگر کے پالم (کوتہ کوٹہ منڈل) کے قریب خانگی والوو بس کے جلکر خاکستر ہونے کے پیش آئے واقعہ میں مہلوکین کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا رقم ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر نے فی مہلوک کے فرد خاندان کو ایک لاکھ روپئے مالی امداد (ایکس گریشیا) فراہم کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ اس واقعہ میں جملہ 44 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کرن کمار ریڈی نے مالی امداد کی فراہمی سے متعلق فائیل پر آج دستخط کردی اور مہلوکین کا جس ضلع سے تعلق ہے، ریکارڈ کے مطابق ان ضلع کلکٹروں کے ذریعہ مہلوکین کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا رقم فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 اکتوبر کی اولین ساعتوں میں بنگلور سے حیدرآباد آنے والی خانگی والوو بس کو اچانک آگ لگ جانے کے نتیجہ میں بس جلکر خاکستر ہونے پر جملہ 44 مسافر ہلاک ہوگئے تھے اور اس واقعہ کی وجوہات کا پتہ چلانے اور آئندہ اس طرح کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے تجاویز پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ریاستی حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی قائم کی تھی۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر نے اس بس واقعہ کی سی بی سی آئی ڈی کے ذریعہ بھی تحقیقات کرکے حکومت کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آندھرا پردیش پرائیویٹ ٹورسٹ بس اسوسی ایشن نے فی مہلوک کے خاندان کو ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد 2 دن قبل ہی فراہم کی تھی۔