بستی میں مئے نوشی نہ کرنے کی تلقین پر حملہ

جوبلی ہلز علاقہ میں نوجوان کی موت ، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں پر اعتراض کرنا ایک نوجوان کی ہلاکت کا سبب بن گیا ۔ یہ واقعہ کہیں اور نہیں بلکہ شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں پیش آیا ۔ جو ان دنوں گروہی تصادم ، گینگ وار اور اسٹریٹ فائٹنگ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ جوبلی ہلز پولیس حدود میں غیر قانونی سرگرمیاں عروج پر ہوگئی ہیں ۔ جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں ۔ بڑے بڑے جرائم اور پیشہ ور مجرمین کی گرفتاری کا حوصلہ دکھانے والی ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس بھی ان معاملات کی روک تھام میں بے بس دیکھائی دے رہی ہیں ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں 22 سالہ نوجوان وینکٹیش پر حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا گیا ۔ وینکٹیش جو یوسف گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے یہ نوجوان فلم انڈسٹری میں شوٹینگ کا سامان فراہم کرنے والے ادارے میں مزدری کا کام کرتا تھا ۔ کل رات دیر گئے وہ کام سے گھر واپس ہو رہا تھا کہ اس نے بی بلاک کے علاقہ میں چند افراد کو مئے نوشی کرتے ہوئے دیکھا اس حرکت پر اس نوجوان نے اعتراض کیا اور کہا کہ بستی میں ایسی حرکتیں نہیں ہونی چاہئے ۔ اس بات پر شدید اعتراض کرتے ہوئے مئے نوشی میں مشغول افراد وینکٹیش سے الجھ پڑے اور اس کو شدید زدوکوبی کا نشانہ بنایا اور اس حملہ میں شدید زخمی وینکٹیش فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔