بزدل کے دل میں نفرت ہوتی ہے ،وہ کامیاب نہیں ہوتا

عامر خاں پر تنقید کے جواب میں پاریکر اور آر ایس ایس پر راہول کا طنز
میری بات کو غلط پیش کیا گیا : وزیر دفاع

نئی دہلی / جبلپور ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیر دفاع منوہر پاریکر اور آر ایس ایس کو اداکار عامر خان کے خلاف ریمارکس پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بزدل انسان کے دل میں ہمیشہ نفرت بھری رہتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا ۔ اپوزیشن جماعت نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر دلتوں ، اقلیتوں ، قلمکاروں ، اداکاروں اور جو بھی مودی حکومت کی مخالفت کریں ان سب کو نشانہ بنانے کی سازش کا الزام عائد کیا ۔ پارٹی نے یہ جاننا چاہا کہ وزیر دفاع منوہر پاریکر کی ذمہ داری ہندوستان کو جارحیت پسندوں جیسے پاکستان سے تحفظ فراہم کرنے کی ہے یا پھر اپنے ہی ملک کے لوگوں کو دھمکیاں دینے کی ہے ۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آر ایس ایس اور پاریکر جی ہر شخص کو سبق سکھانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لئے ایک سبق یہ ہے کہ نفرت ہمیشہ بزدل کرتا ہے اور وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا ۔ منوہر پاریکر نے کل کہا تھا کہ جو کوئی ملک کے خلاف بات کرے گا اسے سبق سکھایا جائے گا ۔ ان کا اشارہ جے این یو میں جاریہ سال مخالف قوم نعرے بازی اور فلم اداکار عامر خاں کے عدم رواداری کے بارے میں کئے گئے اس تبصرے کے طرف تھا کہ ان کی بیوی ہندوستان چھوڑ کر جانا چاہتی ہے ۔ پاریکر نے عامر خاں کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ واضح تھا ۔ مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا سامنا کررہے پاریکر نے آج کہا کہ انہوں نے کبھی سبق سکھانے کی بات نہیں کہی ۔ ان کے کہنا کا مطلب یہ تھا کہ ہمیں دباؤ بنانے کی ضرورت ہے اور یہ رائے عامہ ہموار کی جانی چاہئیے کہ لوگ اپنے ملک سے محبت کریں اور انہیں ایسے موضوعات پر خاموش نہیں رہنا چاہئیے ۔ کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ پاریکر کے بیان سے بی جے پی اور آر ایس ایس کی یہ سازش سامنے آگئی کہ وہ کس طرح دلتوں اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے والے ہیں ۔