بزدل مشرف کو فوری پاکستان واپس لایا جائے : نواز شریف

لاہور ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج ملک کے سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو بزدل کہا اور ملک کی عدلیہ سے درخواست کی انہیں خودساختہ جلاوطنی سے ملک واپس لایا جائے اور اپنے جرائم کے لئے جوابدہ بنایا جائے۔ یاد رہیکہ نومبر 2007ء میں پاکستان میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد مشرف کو ملک سے غداری کرنے کے الزام کا سامنا ہے۔ انہوں نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ججس کو گرفتار کروایا تھا اور ان کے اختیارات میں نمایاں کمی کردی تھی۔ مشرف کو اگر قصوروار پایا گیا تو انہیں سزائے موت بھی ہوسکتی ہے۔ 75 سالہ مشرف نے 1999ء میں ایک غیرخونیں انقلاب کے ذریعہ پاکستان میں اقتدار حاصل کیا تھا تاہم پاکستان میں رہتے ہوئے انہوں نے اپنا علاج دوبئی میں کروانے کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بعد گذشتہ سال سے مشرف طبی بنیادوں پر دوبئی میں مقیم ہیں۔ نواز شریف نے مشرف کو بزدل قرار دیا اور کہا کہ انہیں(مشرف) کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے لہٰذا انہیں فوری پاکستان واپس لایا جائے۔