بریندر سنگھ کی صدر بی جے پی امیت شاہ سے خفیہ ملاقات

نئی دہلی ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ہریانہ کے وزیر توانائی اجے یادو نے ہوڈا حکومت سے دستبرداری اختیار کرلی، ریاست کے پارٹی لیڈر بریندر سنگھ نے صدر بی جے پی امیت شاہ سے خفیہ ملاقات کی جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ موصوف اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی میں شمولیت کی تیاریاں کر رہے ہیں ۔ گجرات بھون میں ریاستی پارٹی لیڈروں کا ایک اجلاس امیت شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا تھا ان کے بعد ہی ایک ہوٹل میں بریندر سنگھ نے ان سے مختصر ملاقات کی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ بریندر سنگھ نے وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا تھا اور اس کے بعد سے وہ بی جے پی میں شامل ہونے کوشاں تھے۔ بریندر سنگھ نے ہوڈا کی قیادت میں اسمبلی انتخابات لڑنے سے انکار کردیا تھا جبکہ کانگریس نے یہ پہلے ہی اعلان کردیا تھا

کہ اسمبلی انتخابات ہو ڈا کی قیادت میں لڑے جکائیں گے ۔ بریندر سنگھ کو ہوڈا کا زبردست نقاد تصور کیا جاتا ہے اور اب ان کے سامنے کئی متبادل ہیں جن میں سے کسی ایک پر عمل کرنا ان کے لئے مشکل نہیں ہوگا ۔ ہریانہ میں بی جے پی کا ہریانہ جن ہت کانگریس کے ساتھ سیاسی گٹھ جوڑ ہے جس کی قیادت سابق وزیر اعلیٰ بھجن لال کے فرزند کلدیپ بشنوئی کرتے ہیں، لیکن اب بی جے پی اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنا چاہتی ہے تاہم اس معاملہ میں کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ بشنوئی ہمیشہ سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ انہیں ہریانہ جن پت کانگریس کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کیا جائے اور شاید ان کا یہی اصرار بی جے پی کے ساتھ پارٹی کے تعلقات میں بگاڑ کی وجہ بنا ہے کیونکہ بی جے پی ان کے مطالبہ کی تائید نہیں کرتی جبکہ بشنوئی نے اپنی حلیف جماعت بی جے پی سے مشاورت کئے بغیر اپنی پارٹی کے کچھ امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا ہے۔