برہان وانی کی پہلی برسی پر نواز شریف کا خراج عقیدت

اسلام آباد۔/8جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے عسکریت پسند کمانڈر برہان وانی کو آج خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ وانی کی موت نے وادی میں آزادی کی جدوجہد کو ایک نیا جذبہ بخشا ہے۔ برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان اپنی طاقت کے استعمال کے ذریعہ کشمیری عوام کی آواز کو نہیں کچل سکتا۔ وانی نے جو حزب المجاہدین کا کمانڈ تھا ہندوستانی سیکورٹی فورسیس کے ساتھ گّتہ سال ایک انکاونٹر میں آج ہی کے دن مارا گیا تھا ۔ نواز شریف نے کہا کہ ’’ برہان مظفر وانی کا خون تحریک آزادی کو ایک نیا جذبہ بخشا ہے۔ کشمیری عوام اپنی تحریک کو منطقی مقام پر پہنچانے کے لئے ثابت قدم ہیں۔‘‘ شریف نے اس موقع پر کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کیلئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تائید کی فراہمی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو روبہ عمل لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے ہندوستان سے خواہش کی۔