برقی کی موثر سربراہی یقینی بنانے اقدامات

حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واضح طور پر کہا کہ سال 2018 تک تلنگانہ فاضل برقی کی حامل ریاست ہوگی۔ حکومت برقی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیلئے موثر اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں برقی کی صورتحال کا چیف منسٹر نے جائزہ اجلاس طلب کیا اوراس خیال کا اظہار کیاکہ آئندہ سال دوسری فصل کیلئے کسانوں کو موثر سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے عہدیداران برقی کو اس بات کی ہدایت دی کہ آئندہ سال دوسری فصل کیلئے دن کے اوقات میں ہی کسانوں کو9 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ برقی صورتحال کے جائزہ اجلاس کے دوران مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع نلگنڈہ کے دامرچرلہ میں تعمیر کئے جانے والے پاور جنریشن پلانٹ کا نام ’ یادادری ‘ تھرمل اسٹیشن کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا اور توقع کی جاتی ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چند رشیکھر راؤ بہت جلد اس نئے یادادری ترمل پاور اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت ریاست تلنگانہ میں4320میگا واٹ برقی دستیاب ہے اور آئندہ ماہ مارچ تک مزید 3ہزار میگا واٹ برقی دستیابی یقینی ہے۔ جس میں این ٹی پی سی ججر سے 150میگا واٹ برقی حاصل ہوگی جبکہ سی جی ایس کے ذریعہ290 میگا واٹ، گیاتری تھرمل پاور اسٹیشن سے810 میگا واٹ، بھوپال پلی کے ٹی پی ایس سے 600میگا واٹ ، سنگارینی جئے پور سے 1200 میگا واٹ برقی دستیابی شامل ہے۔ بتایا گیا کہ حکومت کے مقاصد و عوامی ضروریات کے مطابق محکمہ برقی اپنی ذمہ دارانہ خدمات انجام دے گا۔