برقی کمپنیوں کو ’بلیک میل‘کے خلاف انتباہ

نئی دہلی۔ 9؍فبروری( سیاست ڈاٹ کام)۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے دہلی کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ انہیں بہرصورت برقی سربراہ کی جائے گی ‘ تاہم برقی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ’’بلیک میل‘‘ کی کوششیں اسی طرح جاری رہی تو عوام کو مشکلات کیلئے تیار رہنا ہوگا ۔ عام آدمی پارٹی حکومت اور انیل امبانی کی بی ایس ای ایس ڈسکام میں برقی شرحوں میں اضافہ کے مسئلہ پر مسلسل تعطل جاری ہے ۔ اروند کجریوال نے کہا کہ انہیں انیل امبانی یا ٹاٹا سے کوئی شخصی مخاصمت نہیں ہے اگر یہ کمپنیاں دیانتداری کے ساتھ بزنس کرتی ہیں تو ہمیں ان کے ساتھ کام کرنے میں خوشی ہوگی ۔ کجریوال نے کہا کہ دہلی کو بلارکاوٹ برقی کی سربراہی ڈسکامس کی جانب سے لائسنس جاری کرنے کیلئے مقررہ قواعد کا ایک حصہ ہے ۔ اگر ڈسکامس اس کی خلاف ورزی کرتی ہیں تو انہیں چلے جانا چاہیئے ۔ انہوں نے ڈسکامس کو خبردار کیا کہ بلیک میل کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

کجریوال نے پی ٹی آئی ایڈیٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے خود کو ’’ سیاسی انقلابی ‘‘ قرار دیا ۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ کبھی بھی انہوں نے سرگرم سیاست میں داخلے‘ سیاسی جماعت قائم کرنے اور انتخابی مقابلہ کا تصور بھی نہیں کیا تھا ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی انہوں نے سیاست میں داخلے کا خواب دیکھا تھا تو کجریوال نے کہا کہ اکٹوبر 2012ء جب عام آدمی پارٹی قائم کی گئی ‘ انہوں نے اس وقت صرف اچھے مظاہرے کی توقع کی تھی لیکن انہوں نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ دہلی کے چیف منسٹر بن جائیں گے ۔ جب ان سے وزیراعظم بننے کے عزائم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے نفی میں جواب دیا اور کہا کہ کرپشن سے پاک ہندوستان کیلئے عام آدمی پارٹی جدوجہد کررہی ہے۔ ہم یہاں اقتدار کی سیاست کیلئے نہیں آئے ہیں۔