برقی شاک سے ماں اور بیٹی کی موت

حیدرآباد۔/17 مئی ، ( سیاست نیوز) شاہین نگر کے علاقہ میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں خاتون اور اس کی بیٹی فوت ہوگئی۔بالاپور پولیس کے مطابق 35 سالہ سلمیٰ بیگم اور ان کی دختر 9 سالہ ثانیہ بیگم برقی شاک کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں ۔ جبکہ سلمیٰ بیگم کی دیگر دو بیٹیاں سات سالہ شمو اور 11 سالہ مسکان شدید متاثر ہوگئیں جن کا علاج جاری ہے۔ سب انسپکٹر پولیس بالا پور پولیس اسٹیشن مسٹر ناگراجو کے مطابق سلمیٰ بیگم جو سیف کالونی علاقہ کے ساکن محمد چاند کی بیوی تھیں آج اپنے مکان کی چھت پر کپڑے ڈالنے گئی تھیں کہ اس دوران برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگئیں ۔ سب انسپکٹر کے مطابق ان کے مکان کی چھت سے ہائی ٹینشن برقی تار گذرتا ہے اور ان کے مکان کی برقی میں بھی کسی قسم کا کوئی احتیاطی اقدام ارتھنگ نہیں کیا گیا۔ پولیس بالا پور مصروف تحقیقات ہے۔