برقی شاک سے ایک ٹیچر اور تین طلباء ہلاک

پشاور ۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے خیبرپختونخواہ صوبہ میں واقع ایک اسکول میں صبح کی اسمبلی کے وقت پیش آئے ایک حادثہ میں ایک ٹیچر اور تین طلباء برقی شاک لگنے سے ہلاک ہوگئے۔ دریں اثناء جیو نیوز نے پولیس کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب صبح کی اسمبلی کے دوران طلباء قومی پرچم لہرا رہے تھے اور اسی وقت لوہے کا پائپ ایک برقی وائر سے چھو گیا جس سے ٹیچر اور تین طلباء برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دیگر ٹیچر اور سیکوریٹی گارڈ زخمی ہوگئے کیونکہ انہوں نے مہلوک ٹیچر اور طلباء کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ مہلوک طلباء چہارم، پنجم اور ہشتم جماعتوں میں زیرتعلیم تھے۔ سیکوریٹی کی بنیاد پر اور دیگر طلباء کے تحفظ کیلئے فی الحال اسکول کو فوری طور پر بند کردیا گیا جبکہ اس حادثہ کی تحقیقات بھی کی جارہی ہے۔