برقی سارقین کے خلاف سخت کارروائی

ابتداء میں جرمانہ ، دوبارہ غلطی پر جیل منتقلی ، برقی چوری کے خلاف مہم میں شدت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : برقی سرقہ کرنے والوں کی اب خیر نہیں ہے ۔ پہلے جرمانہ عائد کیا جائے گا دوسری بار سیدھا جیل بھیج دیا جائے گا ۔ بیگم بازار ، چارمینار ، افضل گنج ، مہدی پٹنم اور گولکنڈہ کے علاقوں میں برقی چوری کے واقعات زیادہ درج ہوئے ، برقی سرقہ کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی مہم شروع کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر میں برقی سرقہ کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور اس سے برقی بورڈ کو سالانہ 150 کروڑ روپئے کے نقصانات ہورہے ہیں ۔ جاریہ سال مرکز کی ادیے اسکیم میں شمولیت کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے برقی شرحوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور موسم گرما میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہ کرنے کی برقی بورڈ کو ہدایت دی ہے ۔ جس کے بعد محکمہ برقی کے عہدیداروں کی جانب سے طلب کے مطابق برقی سربراہ کرنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ برقی سرقہ کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں گذشتہ سال 2016 میں برقی سرقہ کے 1825 کیس درج کئے گئے تھے ۔ جاریہ سال 2017 کے تین ماہ کے دوران 537 مقدمات درج کئے گئے ۔ گریٹر حیدرآباد کے 6 سرکلس میں 35 لاکھ گھریلو صارفین کو برقی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں نارتھ ، ایسٹ ، ساوتھ ، رنگاریڈی ، ایسٹ ، ویسٹ اور ساوتھ سرکلس ہیں ان میں سب سے زیادہ ساوتھ سرکل میں برقی نقصانات ہونے کا عہدیداروں نے انکشاف کیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر ماہ 50 مقدمات درج ہورہے ہیں ۔ جن میں سب سے زیادہ بیگم بازار ، چارمینار ، افضل گنج ، مہدی پٹنم ، گولکنڈہ کے علاقے شامل ہیں ۔ ان میں بھی تجارتی ادارے ، گودامس ، ملس ، خانگی افراد راتوں میں برقی چوری کررہے ہیں ۔ برقی تاروں سے راست کنکشن حاصل کرتے ہوئے برقی سرقہ کررہے ہیں ۔ برقی چوری کو روکنے کے لیے عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہں ۔ ہر ماہ سرکلس کی سطح پر تنقیح کی جارہی ہے ۔ عصری ٹکنالوجی کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے برقی چوری کرنے والوں کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔ راتوں میں برقی چوری کو روکنے کے لیے خصوصی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔ موسم گرما میں جہاں برقی کی طلب زیادہ ہوجاتی ہے ۔ وہی برقی بلز کو گھٹانے کے لیے مختلف مقامات پر برقی میٹرس میں چھیڑ چھاڑ کرنے کی اطلاعات ملی ہے ۔ مارچ ، اپریل اور مئی میں ویجلنس عہدیداروں نے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلی مرتبہ برقی چوری کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ دوسری مرتبہ برقی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے پر سیدھا جیل بھیج دیا جائے گا ۔۔