برقی بل کے شاک سے ضعیف مسلم شخص کی موت

اسمبلی میں ڈاکٹر گیتا ریڈی کی توجہ دہانی ، ایکس گریشیا کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 30۔ اکتوبر (سیاست نیوز) برقی شاک سے انسان کی موت کے بارے میں ہر کسی نے سنا ہے لیکن ظہیر آباد میں برقی بل کے شاک سے ایک شخص کی موت واقع ہوگئی ۔ کانگریس کی رکن اسمبلی ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے آج اسمبلی میں زیرو اوور کے دوران یہ ریمارک کرتے ہوئے ایوان کو حیرت میں ڈال دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ظہیر آباد کے موضع دڑگی میں انتہائی غریب خاندانوں کے جھونپڑی نما مکانات ہیں لیکن محکمہ برقی کے نئے بل کلکٹر نے ان غریب خاندانوں پر ہزاروں روپئے کا بل عائد کرتے ہوئے مصیبت کھڑی کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس گاؤں میں ایک غریب مسلم خاندان ہے جس میں ضعیف شخص کی موت برقی کے بل کے صدمہ سے ہوئی ہے۔ اس جھونپڑی نما مکان کیلئے ایک لاکھ 5 ہزار روپئے کا بل تیار کیا گیا جبکہ برقی کا استعمال اس قدر نہیں تھا۔ گیتا ریڈی نے حیرت کا اظہار کیا کہ عہدیدار نے کس طرح غریب عوام پر ہزاروں روپئے کا بل مسلط کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس گاؤں میں دوسرے غریب خاندانوں کو 70 تا 90 ہزار کا بل دیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے بل کی عدم ادائیگی کی صورت میں قانونی کارروائی کی دھمکی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گاؤں کی پریشانی کا اندیشہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک لاکھ 5 ہزار روپئے کا بل آنے پر ضعیف مسلم شخص کا صدمہ سے انتقال ہوگیا ۔ برقی شاک سے موت کے بارے میں تو ہر کسی نے سنا ہے لیکن یہ موت برقی بل کے شاک سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی کیلئے جب اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ برقی شاک کی صورت میں ایکس گریشیا ادا کیا جاتا ہے۔ گیتا ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ برقی بل شاک سے ہوئی اس ضعیف شخص کی موت پر حکومت ایکس گریشیا ادا کریں اور ہزار وں روپئے کے بلز سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت اس مسئلہ کا جائزہ لے گی اور خاطی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زائد برقی بلز کی ادائیگی پر ہراساں کرنے کا حکومت سنجیدگی سے نوٹ لے گی۔ وزیر نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا ۔