برقعہ پر امتناع ، شیوسینا کے مطالبہ سے بی جے پی غیر متفق

نئی دہلی، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی نے خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی عائد کرنے کے اپنی حلیف جماعت شیو سینا کے مطالبہ سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک سری لنکا میں پچھلے دنوں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ایسا قدم اٹھایا گیا ہے لیکن مودی حکومت نے دہشت گردی کو روکنے کے لئے خاطرخواہ اقدامات کئے ہیں۔بی جے پی کے ترجمان جے وی ایل نرسمہا راو نے منگل کو یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردانہ حملے کے بعد منہ ڈھکنے پر پابندی لگائیگئی ہے جب کہ مودی حکومت نے سرحد پار سے دہشت گردی پر روک لگادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد سے مہاراشٹر یا کہیں اور دہشت گردانہ حملے نہیں ہوئے ہیں۔ مسٹر راو نے کہا کہ وہ اس وقت برقعہ پر پابندی لگانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے ۔انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنے مفاد میں سیکورٹی سے متعلق فیصلے کرتا ہے ۔ مودی حکومت کے رہتے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی ترجمان شیو سینا کے اخبار سامنا میں اس سلسلے میں شائع اداریہ پر اپنی رائے دے رہے تھے ۔این ڈی اے کی ایک دیگر حلیف جماعت آر پی آئی کے سربراہ رام داس اٹھوالے نے بھی شیو سینا کے اس مطالبہ کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ برقعہ پہننے والا ہر کوئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوتا۔