برطانیہ ‘ ایشیا ئی امور میں زیادہ سرگرم ہونے کا خواہاں : ولیم ہیگ

منیلا 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے وزیر خارجہ مسٹر ولیم ہیگ نے آج کہا کہ ان کا ملک ایشیا کی معیشت اور سکیوریٹی میں سرگرم اور اضافی رول ادا کرنا چاہتا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی چین میں سرحدی تنازعات سے متعلق امور میں کسی کا فریق نہیں بنے گا ۔ ولیم ہیگ نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا کا آج دورہ کرتے ہوئے کہا کہ تجارت اور سلامتی دو ایسے مسائل ہیں جن پر برطانیہ قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ ایشیا میں ان دو امور پر زیادہ توجہ دینا چاہتا اور اپنے رول میں بھی اضافہ کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جنوبی چین کے سمندری علاقہ میں جو سرحدی تنازعات ہیں ان کا کوئی قابل قبول اور بات چیت کے ذریعہ پر امن حل تلاش کرسکتے ہیں۔ چین اس سارے علاقہ پر اپنا دعوی کرتا ہے جبکہ تائیوان ‘ ویتنام ‘ فلپائن و برونی اس پر معترض ہیں ۔

جرمنی یورپ کیلئے مثال : انگیلا میرکل
برلن ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پارلیمنٹ میں اپنے اسٹیٹ آف دی نیشن خطاب میں توجہ داخلی مسائل پر مرکوز رکھی۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی نے مالیاتی بحران کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور یورپ کیلئے ایک مثال بنا ہے۔ اس صورتحال میں جرمنی یورپ کے استحکام کیلئے ستون بن چکا ہے۔ تاہم اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈر گریگور گیسی نے چانسلر کی تقریر کو مسترد کیا اور کہا کہ میرکل کی آئندہ پالیسی کے کئی نکات غیر حقیقی ہیں۔