برطانیہ کا آسیہ بی بی کو پناہ دینے سے انکار

لاہور۔11نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ نے آسیہ بی بی کو پناہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، برطانیہ نے آسیہ بی بی کی پناہ کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ اس خوف کا اظہار کیا گیا ہے کہ برطانیہ کو اپنی 12 لاکھ سے زائد مسلمان کمیونٹی کی طرف سے شدید ردعمل اور بد امنی کا خدشہ ہے۔ آسیہ بی بی کے شوہر عاشق مسیح نے برطانیہ کی وزیر اعظم سے اہلیہ کو تحفظ دینے کی اپیل کی تھی۔ آسیہ بی بی کی بیرون ملک پناہ کے لئے کام کرنے والی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ برطانیہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے آسیہ بی بی کو پناہ نہیں دے گا۔ برطانوی پاکستانی کرسچئن ایسوسی ایشن کے چیئرمین ولسن چوہدری نے کہا کہ 2 ممالک نے آسیہ بی بی کو پناہ دینے کی پیشکش کی تھی تاہم برطانیہ ان میں شامل نہیں تھا۔ ولسن چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کو خدشہ ہے کہ آسیہ بی بی کی آمدسے سکیورٹی خدشات اور بے چینی بڑھے گی اور بیرون ملک برطانوی سفارتکاروں کو بھی خدشات لاحق ہوں گے جن پر لوگ حملہ کر سکتے ہیں۔ولسن چوہدری کا کہنا ہے کہ 2 ممالک نے آسیہ بی بی اور ان کیخاندان کو پناہ دینے کی پیشکش کی تھی جن میں سے ایک کی آفرقبول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔