برطانیہ میں ٹرمپ مخالف مظاہرے

لندن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ لندن میں برطانوی وزیر اعظم تھریسامے سے ملاقات کرنیوالے ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت اور عالمی ماحول کے تحفظ پر بات چیت ہو گی۔برطانوی وزیر اعظم عنقریب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والی ہیں اس لیے ان ملاقاتوں سے کسی بڑی پیشرفت کے امکانات کم ہی ہیں۔امریکی صدر کے اس دورے کے موقع پر برطانیہ کے کئی شہروں میں ٹرمپ مخالف مظاہروں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ لندن میں ٹرافیلگر اسکوائر پر ہونے والے احتجاج میں ہزاروں لوگوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں نسلی تعصب کے خلاف کام کرنے والی تنظیمیں، حقوق نسواں اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم ادارے حصہ لیں گے۔اس مظاہرے سے حزب اختلاف کے رہنما اور لیبر پارٹی کے سربراہ، جیرامی کوربن بھی خطاب کریں گے۔ انہوں نے آج کے اس احتجاج کو ’’مزاحمت کا میلہ،، قرار دیا ہے۔ خیال ہے کہ لندن ہونے والا یہ مظاہرہ برطانیہ کے سرکاری دورے پر آئے کسی رہنما کے خلاف ایک بہت بڑا مظاہرہ ہوگا۔