برطانیہ میں سمندری طوفان ’’ایما‘‘ کے زیراثر برفباری

ٹرین خدمات اور پروازیں منسوخ، تعلیمی ادارے بند ،کاروں کی ٹکر سے 4 افراد ہلاک
لندن۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) موسم سرما کی بے رحمی کے دھماکہ کے طور پر ہواؤں کا رخ تبدیل ہوجانے کی وجہ سے سمندری طوفان ’’ایما‘‘ کے برطانیہ سے ٹکرائے جانے کے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ تیز رفتار ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے شدید سفری خلل اندازی کے نتیجہ میں انتشار کا عالم پیدا ہوگیا اور برطانیہ میں زبردست برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے دفتر نے ایک سرخ انتباہ جاری کردیا جو بہت کم جاری کیا جاتا ہے اس سے جانی نقصان کے اندیشوں کا اشارہ ملتا ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں آج دوسرے دن زبردست برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے ٹرین خدمات اور پروازیں منسوخ کردی گئیں یا پھر ان میں تاخیر ہوئی۔ ملک گیر سطح پر ایرپورٹس نے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں کیونکہ رن ویز پر برف جمی ہوئی ہیں۔ پروازوں کی بحالی سے قبل اس کی صفائی ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے بموجب توقع ہے کہ سمندری طوفان ایما کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ کل رات سمندری طوفان کے برطانیہ سے ٹکرانے کا اندیشہ ہے۔ مزید برفباری، آندھی اور خون منجمد کردینے والی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ناسازگار موسم کی وجہ سے ڈرائیونگ کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ عوام کو انتباہ جاری کردیا گیا ہے کہ شمالی اور مشرقی انگلینڈ، مشرقی وسطی برطانیہ کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ حد بصارت انتہائی ناقص ہے، اس لئے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ خطرناک حالات کی وجہ سے تصادمات کا اندیشہ ہے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ پھنس جانے والے موٹر رانوں کی مدد کی جائے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ٹکروں کے نتیجہ میں چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پورے برطانیہ میں موسم ناخوشگوار ہے۔ آئندہ ہفتوں میں موسم کے مزید شدت اختیار کرنے اور ہواؤں کی رفتار میں مزید تیزی پیدا ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے دن برطانیہ کے بیشتر علاقوں میں بارش کا بھی اندیشہ ہے۔ شمالی اور مشرقی علاقوں میں برفباری ہوگی ، تاہم سمندری طوفان کے برطانیہ سے ٹکرانے کے بعد برف کے پگھل کر سمندر میں مل جانے کا امکان ہے۔ اس طرح جنوبی اور مغربی برطانیہ میں صورتحال بہتر ہوجائے گی جو اب تک برفباری سے محفوظ ہے۔پورے برطانیہ کے اسکولس کو بند کردیا گیا ہے اور درجہ حرارت میں راتوں رات کمی ہوکر یہ منفی 12 درجہ سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوجانے اور موبائیل فون نیٹ ورک میں خلل اندازی کے اندیشے بھی ہیں۔ لنکن شائر میں فوج تعینات کردی گئی ہے، کیونکہ یہاں صورتحال سنگین ہے۔