برطانیہ : فوجی کے قتل میں ملوث دو افراد کو سزا

لندن ، 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لندن کی عدالت نے گزشتہ سال مئی میں ایک برطانوی فوجی لی رگبی کو ہلاک کرنے کے جرم میں ایک مجرم کو عمر قید اور دیگر کو کم از کم 45 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ لندن کے جنوب مشرقی حصے میں 29 سالہ مجرم مائیکل ایدبولاجو اور 22 سالہ مائیکل ایدبووالو نے لی رگبی کو گاڑی سے ٹکر مارنے کے بعد چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ کیس کی سماعت کرنے والے جج جسٹس سیونی نے کہا کہ ایدبولاجو کا کیس ان منفرد مقدمات میں سے ایک ہے جس میں تاحیات قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔ کیس کی سماعت کے موقعہ پر جب جج نے سزا سنانا شروع کی تو دونوں نے کمرۂ عدالت میں ہنگامہ کیا اور سکیورٹی گارڈز سے ہاتھا پائی کی جس کے بعد دونوں کو عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔ جج نے جب کہا کہ دونوں کے شدت پسند خیالات ’اسلام سے غداری‘ ہیں تو اس پر ایدبولاجو نے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا جبکہ ایدبووالو نے کہا، ’یہ جھوٹ‘ ہے۔ دونوں کی عدم موجودگی میں سزا سناتے ہوئے جج نے کہا کہ دونوں فوجی لی رگبی کے ’وحشیانہ‘ قتل کے قابل ذکر شواہد کی بنا پر مجرم ہیں۔ جج سیونی نے کہا کہ دونوں نے قتل اس انداز سے کیا کہ ’میڈیا کی زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کی جاسکے‘۔ عدالت کے فیصلے کے بعد برطانوی فوجی لی رگبی کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کے رابطہ کار پٹ سپارک نے ایک بیان پڑھا کر سنایا۔ بیان کے مطابق ’اس کے علاوہ کوئی اور سزا قابل قبول نہیں ہے۔ ہم فیصلے سے مطمئن ہیں کہ لی رگبی کو انصاف مل گیا۔