برطانوی وزارت عظمی کی دوڑ میں ساجد جاوید بھی شامل

لندن 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے پاکستانی نژاد وزیر داخلہ ساجد جاوید بھی برطانوی وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں ۔انہوں نے قدامت پسند پارٹی کی قیادت کی دوڑ میں شامل ہونے کی توثیق کردی ہے ۔ وہ برطانیہ کی کابینہ کے سینئر ترین رکن ہیں اور انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر ایک ویڈیو پیام جاری کرتے ہوئے برطانوی عوام سے ان کی تائید کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قدامت پسند پارٹی کی قیادت اور وزارت عظمی برطانیہ کیلئے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج برطانیہ کیلئے اعتماد سازی اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور سارے برطانیہ میں مواقع پیدا کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے برطانوی عوام سے تائید کرنے کی اپیل کی ۔