بردوان دھماکہ کیس کی این آئی اے تحقیقات

21 ملزمین کے خلاف خصوصی عدالت میں چارج شیٹ
کولکتہ ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی (این آئی اے) نے بردوان بم دھماکہ کیس میں 21 افراد بشمول 4 بنگلہ دیشیوں کے خلاف آج خصوصی عدالت میں چارج شیٹ پیش کردیا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف دہشت گردانہ کارروائی ، سازش ، دہشت گردی کے کیمپس چلانے کیلئے ریکروٹمنٹ اور فنڈنگ، اسلحہ و گولہ بارود کی حصولیابی کا فرد جرم عائد کیا گیا ہے ۔ جعلسازی اور دھوکہ دہی سے متعلق جرائم فارنرس ایکٹ اور پاسپورٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کا فرد جرم عائد کیا گیا ہے ۔ این آئی اے اب تک اس کیس میں جملہ 17 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ یہ کیس مغربی بنگال کے صلع بردوان میں گمشتہ سال اکتوبر میں ایک مکان میں پیش آئے دھماکہ سے متعلق ہے جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے چونکہ اس کیس کے تار بین الاقوامی سطح پر جڑے ہوئے تھے جس کے پیش نظر این آئی اے تحقیقات کی ذمہ داری ریاستی پو لیس سے حاصل کرلی تھی ۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ایک مکان میں انتہائی ترقی یافتہ دھماکو آلہ (IED) تیار کیا جارہا ہے تاکہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش منتقل کیا جاسکے ۔ تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ عسکریت پسند تنظیم جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش نے مغربی بنگال میں مرشد آباد ، ناڈیہ ، مالڈا، بیرھوم ، بردوان اور آسام میں بارپیٹ اور جھارکھنڈ میں شہاب گنج اور پاکور میں اپنا نیٹ ورک قائم کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں قومی تحقیقاتی ادارہ (این آئی اے) نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ تنظیم کے سینئر ارکان ضلع بردوان میں دہشت گردی کے تربیتی مرکز چلارہے تھے اور مذکورہ دھماکہ کے میں ان کی سرگرمیاں بے نقاب ہوگئیں۔