بدنام زمانہ بین ریاستی باواریا ٹولی کارکن گرفتار

مسروقہ زیورات ضبط ، جوائنٹ کمشنر ڈیٹکٹیو ای پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /31 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد میں رہزنی کی مختلف وارداتوں میں ملوث بدنام زمانہ بین ریاستی باواریا ٹولی کے ایک رکن کو کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے آدھا کیلو مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر ای پربھاکر راؤ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 25 سالہ سونو کمار عرف سچن جو پیشہ سے حجام ہے اور اس کا تعلق ضلع شاملی اترپردیش سے  ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سونو کمار بین ریاستی بدنام زمانہ بواریا ٹولی کا رکن ہے اور اس ٹولی کا سرغنہ من پریت عرف منگل ہے ۔ اس ٹولی میں راجو کوہلی اور پینکو کمار بھی شامل ہے ۔ مسٹر پربھاکر راؤ نے بتایا کہ بواریا ٹولی نے حیدرآباد کے علاوہ دہلی اور دیگر ریاستوں میں بھی اسی قسم کے وارداتیں انجام دی تھیں ۔ سونو کمار نے اپنے ٹولی کے سرغنہ من پریت کے ہمراہ دہلی کی ایک مسروقہ موٹر سائیکل کو بذریعہ ٹرین نامپلی اسٹیشن منتقل کیا اور وہاں سے موٹر سائیکل حاصل کی اور نمبر پلیٹ کو تبدیل کرتے ہوئے راہ چلتی خواتین کو نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ حیدرآباد و سائبر آباد میں ایک ہی دن میں 3 تا 6 رہزنی کی وارداتوں میں  ملوث ہیں ۔ بواریا ٹولی کے ارکان نے حیدرآباد و سائبر آباد میں جملہ 14 رہزنی کی وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس نے سونو کے قبضے سے 12 طلائی چین (آدھا کیلو وزنی) زیورات برآمد کرلئے اور اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کردیا گیا ۔