بدعنوان لوگوں کو ہیلی کاپٹر سے پھینک دینے کی وارننگ

منیلا، 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلپائن کے صدر روڈریگو ڈرٹیٹے نے حکومت کے بدعنوان حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے روش نہیں بدلی تو انہیں ہیلی کاپٹر سے اوپر لے جا کر نیچے پھینک دیں گے ۔مسٹر ڈریگو ڈرٹیٹے نے کہا کہ وہ ایسا پہلے بھی کر چکے ہیں اور دوبارہ انہیں اس طرح کی کارروائی کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔ اس سے پہلے بھی انہوں نے عصمت دری اور قتل کے ایک ملزم چینی شہری کو ہیلی کاپٹر سے اوپر لے جا کر زمین پر پھینک دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بدعنوان افسران کو اب سنبھل جانا چاہئے اور اگر وہ نہیں سنبھلے تو ان کے ساتھ بھی ہیلی کاپٹر سے پھینکے جانے جیسے واقعہ کا اعادہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بدعنوان افسران کو وارننگ منگل کو طوفان متاثرین سے خطاب کرتے وقت دی۔اس سے ایک ہفتے پہلے ڈرٹیٹے نے بتایا تھا کہ 22 سال پہلے انہوں نے ڈاووس شہر کا میئر رہتے لوگوں کو مارا تھا اور اس کے لئے انہوں نے کبھی کبھی موٹر سائیکل کا بھی استعمال کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یرغمال بنانے جیسے واقعات کی وجہ سے پولیس کی کارروائی میں لوگوں کا مارا جانا قانونی کام ہے ۔