بدعنوانی کیخلاف سعودی عرب کی مہم سود مند ثابت

لاہور ۔31ڈسمبر (سیا ست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے سابق شاہ عبداللہ مرحوم کے بیٹوں میں انتہائی طاقتور سعودی نیشنل گارڈز کے سابق سربراہ متعب بن عبداللہ کو ایک ارب ڈالرز کی حکومت کو ادائیگی پر رضامندی کے بعد رہا کر دیا گیا ۔ ان کے دو بھائیوں کو بھی رٹزکارلٹن ہوٹل ریاض میں قید سے رہا کر دیا گیا ہے جہاں وہ نومبر 2017ء سے قید تھے۔ سعودی اٹارنی جنرل نے شہزادہ مشعل بن عبداللہ اور شہزادہ فیصل بن عبداللہ کو بھی رہا کرنے کی منظوری دے دی ہے تاہم شہزادہ ترکی بن عبداللہ کی رہائی کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ شاہی خاندان کی ایک رکن شہزادی نوف بنت عبداللہ بن محمد بن سعود نے دونوں شہزادوں کی رہائی پر تشکر کا ٹوئٹ کیا ہے، مزید گرفتار شدگان کی رہائی بھی آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے۔ کرپشن کے خلاف مہم میں 200شہزادوں، وزراء اور کاروباری شخصیات کو حراست میں لیا گیا ہے۔