بحریہ کے طیارہ کے دو فیول ٹینکس گرپڑے

وشاکھاپٹنم /نئی دہلی ۔ 29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بحریہ کے MiG-29Kطیارے کے دو بیرونی حصے میں موجود ایندھن کے ٹینکس علحدہ طور پر بحریہ کے ایئر اسٹیشن INS Dega اور سی آئی ایس ایف کوارٹرس واقع وشاکھاپٹنم کے قریب گرپڑے ۔ تاہم پائیلٹس کرشماتی طور پر بچ گئے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔بحریہ کے ذرائع نے بتایا کہ آج تقریباً 10بجے صبح طیارہ معمول کی ٹریننگ پرواز کیلئے تیار تھا ‘ جیسے ہی یہ آئی این ایس دیگا کے رن وے پر پہنچا اضافی ایندھن لے جانے والے فیول ٹینک میں آگ لگ گئی ۔ گراؤنڈ پر موجود اسٹاف نے فوری آگ کے شعلوں پر قابو پالیا اور اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ اس کے علاوہ طیارہ یا رن وے کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔ پائیلٹ کو فوری دوسری ٹینک سمندر میں پھینکنے کی ہدایت دی گئی لیکن سسٹم میں خرابی کے سبب وہ ایسا نہیں کرپایا اور جب طیارہ لینڈنگ کیلئے واپس آرہا تھا اُس وقت دوسرا فیول ٹینک بھی سی آئی ایس کوارٹرس کے قریب گرپڑا ‘ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔