بجٹ 2015-16 کی تیاریوں کا جائزہ

حیدرآباد ۔/28 فبروری ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں بجٹ 2015-16 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر فینانس ای راجندر اور محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بجٹ میں شامل کئے جانے والے اُمور سے واقف کرایا۔ بجٹ تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے بعض ترمیمات کی سفارش کی جنہیں بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہر محکمہ کیلئے منظور کئے جانے والے بجٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے تعلیم اور بھلائی سے متعلق اسکیمات کیلئے زائد منظوریوں کی سفارش کی۔ حکومت کی جانب سے شروع کردہ نئی اسکیمات کیلئے بھی بجٹ میں زائد رقم مختص کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ جاریہ سال وقت کی کمی کے باعث جن اسکیمات پر موثر انداز میں عمل نہیں کیا جاسکا ان پر آئندہ مالیاتی سال شدت کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کمزور طبقات اور اقلیتوں کی اسکیمات کیلئے مختص کی جارہی رقم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور زائد رقمی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا 7مارچ سے آغاز ہورہا ہے۔ اس سلسلہ میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے اعلامیہ جاری کردیا۔ گورنر اجلاس کے پہلے دن اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ سیشن سے خطاب کریں گے۔