بجرنگ دل نے گجرات کانگریس کے ہیڈکواٹر پر تالا لگایا

احمدآباد، 31مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں یوتھ کانگریس کے لیڈروں، کارکنوں کے ہاتھوں بچھڑے کو برسرعام ذبح کرنے کے واقعہ کے سلسلے میں گجرات میں اہم اپوزیشن جماعت کانگریس کے خلاف جاری مظاہرے کے دوران بجرنگ دل کے کارکنوں نے آج صبح یہاں پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر لگا جھنڈا جلادیا اور اس کے مین گیٹ پر تالا ڈال دیا۔ رات میں تین بجے یہاں الیس برج علاقے میں واقع کانگریس دفتر کے پاس مظاہرین نے اس کی دیوار پر بھی کئی جگہ ’گاؤ ہتھیاری کانگریس‘کا نعرہ لکھ دیا جسے بعد میں مٹا دیا گیا۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان منیش دوشی نے ’یواین آئی‘ کو بتایاکہ اس سلسلے میں پولیس کے سامنے تحریری شکایت درج کرائی جارہی ہے ۔ پارٹی اس واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو دے گی۔ انہوں نے کہاکہ گجرات میں ایک صنعتی گھرانے کے ہزاروں ایکڑ گائے کی چراگاہ کی زمین پر قبضہ کرنے ، ذبیحہ چلانے ، گائے کا گوشت کے بڑے پیمانے پر اسمگلنگ ہونے کے سلسلے میں اور پلاسٹک اور آلودہ پانی پی کر گائے کے مرنے پر بجرنگ دل اور بی جے پی کی خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، مگر ریاست میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر وہ ایک بار پھر رام اور گائے کا موضوع اٹھارہی ہے ۔