بایاں بازو بھی بی جے پی کیخلاف لڑے:کانگریس

ترواننتاپورم ۔30نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا کے سینئر کانگریس لیڈر رمیش چنیتالا نے آج کہا کہ سی پی آئی ( ایم ) کو ان کی پارٹی کے ساتھ مل کر قومی سطح پر بی جے پی سے لڑائی کیلئے سیکولر اور جمہوری حکومتوں کو یکجا کرنے کی مہم میں شامل ہوجانا چاہیئے ۔ انہوں نے یہاں کہا کہ کانگریس راہول گاندھی کی قیادت میں سیکولر اور جمہوری قوتوں کے مابین اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کررہی ہے تاکہ فرقہ پرست قوتوں سے مقابلہ کیا جائے اور سی پی آئی ( ایم ) کیلئے درست راہ یہی ہوگی کہ اس مہم کا حصہ بن جائیں ۔ چنیتالا نے پریس میٹ کو بتایا کہ ملک کے عوام اس طرح کی قوت چاہتے ہیں جو فرقہ پرست اور انتشار پسند قوتوں سے لڑائی کرے ۔ ایسا لگتا ہے کہ سی پی آئی ایم لیڈر سیتارام یچوری اور پارٹی کی مغربی بنگال یونٹ نے اس ضمن میں مثبت انداز اختیار کیا ہے ۔ اس طرح کے اقدام پر سی پی آئی ایم لیڈر پرکاش کرت کی مخالفت کے تعلق سے پوچھنے پر چنیتالا نے کہا کہ مارکسسٹ لیڈر نے 2008ء میں مرکز میں کانگریس زیر قیادت یو پی اے ۔I حکومت کو پارٹی کی تائید و حمایت سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے فاش غلطی کی تھی ۔ ’’ مجھے امید ہے وہ ایسی فاش غلطیدوبارہ نہیں کریں گے ‘‘۔