بان کی مون کی برلن آمد

برلن ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون اپنے چار روزہ دورۂ جرمنی پر آج جرمن دارالحکومت برلن پہنچ گئے، جہاں وہ جرمن قیادت بشمول صدر یوآخم گاؤک اور چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات میں شام کے بحران کے علاوہ افریقی ممالک مالی اور وسطی افریقی جمہوریہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ بان کل جمعہ کو شروع ہونے والی 50 ویں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

امریکہ : مجرم کو سزائے موت پر عمل
واشنگٹن ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک قاتل مجرم کو سزائے موت پر جان لیوا انجکشن کے ذریعہ عمل درآمد کیا گیا، اس کے وکلاء نے یہ بات کہی۔ 56 سالہ ہربرٹ اسملز کو کل رات موت دیدی گئی جبکہ امریکی سپریم کورٹ جج سامیول الیتو کی عطا کردہ راحت منگل کو عدالت کی جانب سے برخاست کردی گئی تھی۔ راحت کی برخاستگی کے بعد اور مجرم کو موت دینے سے قبل تین دیگر اپیلیں داخل کی گئیں۔ اس کی لیگل ٹیم نے بتایا کہ آخری اپیل ہنوز معرض التواء تھی کہ اسے موت دیدی گئی۔

افغانستان: خودکش کار بم حملہ
دو پولیس ملازمین ہلاک
کابل ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغان صوبہ ننگرہار میں آج پولیس کی عمارت کے باہر پیش آئے ایک خودکش بم دھماکہ میں دو پولیس ملازمین ہلاک ہو گئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان احمد ضیاء عبدالزئی نے امریکی نیوز ایجنسی اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے ضلع پچیر واگم میں پولیس اور انٹلیجنس کے کمپاؤنڈ کو علی الصبح نشانہ بنایا۔ اس حملے میں سکیورٹی فورسز کے تین دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ اسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق طالبان نے ایک ای میل پیغام میں اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔