بانسواڑہ کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ

اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کا دورہ اور مختلف مسائل پر عوام سے بات چیت

بانسواڑہ۔/27فروری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اسمبلی اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے کوٹگیر منڈل، رورور منڈل کے مواضعات رائیکور، بردی پور تانڈہ، کلگور اور رائیکور کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا انہوں نے عوام سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی۔ اس موقع پر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت ہر ضلع اور منڈلوں میں ترقیاتی کام کرنا چاہتی ہے کیونکہ عوام نے دوبارہ پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے پانی کی سہولت کی خاطر 42,000 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت کاموں میں تیزی لائی جارہی ہے، اسوقت 95 فیصد سے زائد کام ہوچکا ہے اور بہت جلد گھر گھر کو پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام سرکاری عہدیداروں کی جانب سے کوششیں جاری ہیں۔ دوسری طرف غریب و مستحق افراد کیلئے جو بے گھر ہیں انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کی جارہی ہے۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت و چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین کے علاوہ سرپنچوں، زیڈ پی ٹی سی ممبرس اور عوام موجود تھے۔